ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : برساتی سیلاب سے متاثرہ دکانداروں کو تاحال نہیں ملا سرکاری معاوضہ

بھٹکل : برساتی سیلاب سے متاثرہ دکانداروں کو تاحال نہیں ملا سرکاری معاوضہ

Sat, 28 Jan 2023 19:44:35    S.O. News Service

بھٹکل 28/ جنوری (ایس او نیوز) گزشتہ سال اگست میں ہوئی موسلا دھار بارش اور سیلاب سے متاثرہ دکانداروں کو وزیر اعلیٰ اور ضلع انچارج وزیر کی طرف سے معاوضہ ادا کرنے کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے جس پر  کئی  دکانداروں نے اپنے بے اطمینانی کا اظہار کیا ہے ۔

    یاد رہے کہ 2 اگست کو بھٹکل میں برسنے والی بھاری بارش کے نتیجے میں جو سیلابی پانی نشیبی  علاقوں کے مکانوں اور مین روڈ کی دکانوں کے اندر گھس گیا تھا اس سے بھاری نقصان ہوا تھا ۔ دوسرے دن وزیر اعلیٰ بومئی نے مکان مالکوں کے ساتھ دکانداروں کو بھی حکومت کی طرف سے معاوضہ ادا کرنے کا بھروسہ دلایا تھا ۔ اس کے علاوہ ضلع انچارج وزیر نے بھی معاوضہ دلانے کی بات کہی تھی ۔ 

    اس کے بعد ریوینو افسران نے مکان مالکوں کے ساتھ بازار میں متاثرہ دکانداروں کے پاس جا کر انہیں ہوئے نقصانات کا سروے کیا تھا اور اس کی رپورٹ حکومت کو بھیجی گئی تھی ۔ حالانکہ اس کے بعد مکان مالکوں کو تو سرکاری معاوضہ ادا کیا گیا مگر دکانداروں کو معاوضہ کے نام پر ابھی تک ایک پائی بھی موصول نہیں ہوئی ہے ۔ 

    بعض دکانداروں نے وزیر اعلیٰ اور انچارج وزیر کی  طرف سے کیا گیا وعدہ پورا نہ ہونے پر بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو چھ مہینے کا عرصہ گزر جانے کے باوجود حکومت کی طرف سے دکانداروں کے معاوضہ کی رقم منظور نہیں کی گئی ہے ۔ حکومت کو دکانداروں کو ہوئے بھاری نقصان کا کچھ اندازہ کرنا چاہیے تھا ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ مقامی ایم ایل اے اور ضلع انچارج وزیر کو اس تعلق سے حکومت پر دباو بنا کر معاوضہ کی رقم منظور کروانا چاہیے، مگر ایسا لگتا ہے کہ انہیں بھی اب اس میں کوئی دلچسپی نہیں رہی ہے ۔  
 


Share: